Loading...
 

پیش لفظ

 

Agora گائیڈ کے تیسرے ایڈیشن میں خوش آمدید۔ ایسی کتاب جو Agora Speakers International فاؤنڈیشن کے بارے میں ہر پہلو کی وضاحت کرتی ہے: ہم کون ہیں، ہم کیا کرتے ہیں، آپ ہمارے کلب میں کیسے حصہ لے سکتے ہیں، حتّٰی کہ ایک نیا کلب تخلیق کرنے اور چلانے کا طریقہ بھی۔ یہ کتاب کلبوں کے آپریشنل یا عملیاتی پہلو پر مرکوز ہے۔ تعلیمی طریقہ ہائے کار بذات خود علیحدہ کتاب کے متقاضی ہیں۔

 

تقریبا تین سال قبل پچھلے ایڈیشن (کی طباعت) کے بعد کافی تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔ ہم نے اپنے تجربے (اور اپنی غلطیوں!) سے سیکھا ہے۔ ہم نے دستاویزات کے ہر حصے کو مزید تفصیلات، زیادہ مشوروں، اور زیادہ امثال شامل کر کے کافی پھیلا دیا ہے، جبکہ اس کے ساتھ بہت سی شرائط اور طریق ہائے کار کو آسان بھی بنایا ہے۔ ہم مزید تعلیمی سرگرمیاں شامل کرنا، اور موجودہ سرگرمیوں میں بہتری لانا بھی جاری رکھے ہوئے ہیں، تاکہ یقینی بنایا جاسکے کہ اجلاس اپنا تعلیمی ارتکاز برقرار رکھتے ہوئے کبھی بیزار کن نہ ثابت ہوں۔

 

یہ کتاب ویکی (ویب سائٹ wiki.agoraspeakers.org) پر موجود کلب سے متعلق تمام معلومات کو ایک ہی جگہ پر مجتمع اور منظم کرتی ہے۔ اسے ڈیزائن بھی زیادہ پیشہ ورانہ طور پر کیا گیا ہے۔ اسے ہمارے ارکان ای بُک کی شکل میں مفت ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ یا وہ افراد، جو زیادہ پیشہ ورانہ تالیف کردہ شکل میں اسے حاصل کرنا چاہیں، اسے ایمیزون پر خرید سکتے ہیں ۔ تاہم، ہمیشہ ویکی ہی پیش نظر مستقبل میں Agora کی تمام معلومات کا تازہ ترین ذریعہ رہے گا۔ نیز کسی بھی مطبوعہ، یا ڈاؤن لوڈ شدہ ایڈیشن سے تضاد کی صورت میں اسے ہی درستگی کا معیار سمجھا جائے گا۔ لہذا، براہ کرم تازہ ترین خبریں اور تبدیلیاں جاننے کے لیے اسی کی طرف رجوع کیجئیے۔ اس گائیڈ کی مختلف زبانوں میں تازہ ترین نقل ہمیشہ https://wiki.agoraspeakers.org/%DA%AF%D8%A7%D8%A6%DB%8C%DA%88+Agora  سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے ۔

 

ہمیشہ کی طرح ہم تمام آراء، مشوروں، تنقیدات، خیالات اور خصوصاً آپ کی کہانیوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اپنے کلب کے قصوں، اپنی کامیابیوں، Agora میں آپ نے کیا سیکھا اور اس سے آپ کو کیسے مدد ملی، اس کا اشتراک کریں۔ ہوسکتا ہے کہ اگلی گائیڈ میں آپ کی تصویر کسی ایک باب میں موجود ہو۔

 

بلا جھجھک ہمیں info@agoraspeakers.org پر، یا ہمارے کسی بھی سوشل نیٹ ورک چینل پر پیغام بھیجیں ("ہم سے رابطہ کیسے کیا جائے How to Contact Us" والا مضمون ملاحظہ کیجئے)۔

 

21 اگست2021 کو Agora کی 5 ویں سالگرہ منائی جائے گی۔ 2016 میں میڈرڈ میں واحد کلب سے Agora کے خواب کے عاجزانہ آغاز سے اب تک ہم نے بہت طویل سفر طے کیا ہے۔ بعد میں اس واحد کلب سے گورزو ویلکوپولسکی (پولینڈ) میں دوسرا کلب آن ملا، پھر ایک اور کلب وشاکا پٹنم (انڈیا) میں، پھر کھٹمنڈو (نیپال) میں ۔۔۔ یہ فہرست بڑھتی ہی گئی جوں جوں ہم نے دنیا کے نقشے کو اگورا کے رنگوں سے بھرنا جاری رکھا، ہر کلب نے اس مجموعے میں اپنی انفرادیت اور تنوع کے رنگ بکھیرے۔ اس کتاب میں ہم نے اسی بات کی عکاسی کی کوشش صرف حقیقی، Agora اجلاسوں کی تصویروں کے استعمال سے کی ہے۔ کوئی اداکار، مصنوعی یا بناوٹی تصاویر، یا فوٹو شاپ استعمال نہیں کیے گئے۔ یہ گائیڈ Agora کی عکاسی اسی طرح کرتی ہے، جیسے ہم اپنی اصلی اور متنوع حالت میں ہیں۔

 

Agora کی کاوشوں اور حکمت عملی کا ایک اہم محرک یہ عقیدہ رہا ہے کہ ہر کسی میں ایک عظیم رہنما اور دنیا میں بھلائی کی قوت بننے کے بیج موجود ہوتے ہیں۔ ان بیجوں کو پروان چڑھنے کے لیے صرف صحیح ماحول میں پرورش، درست تربیت کے حصول، ٹھیک تعلقات کے قیام اور افزائش کے معقول اوزار کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں Agora اپنا کردار ادا کرتا ہے: ایک مضبوط، صحتمند، روادار، مددگار اور دوستانہ کمیونٹی، جو باہمی افہام و تفہیم، مشترکہ تعلیم، اور ذاتی و پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دیتی ہے۔

 

اسی بنا پر یہ گائیڈ ایک اور سنگ میل کی نشاندہی کرتی ہے: یہ پہلا موقع ہوگا جب 30 زبانوں میں Agora کا تمام مواد دستیاب ہو گا -انگریزی سے لے کر کورین، تھائی، سواحلی، جرمن، تامل، ہندی اور پرتگالی زبانوں میں، تا کہ اسے دنیا کے کونے کونے تک پہنچایا جا سکے، جہاں لوگ ہماری پیش کش سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

 

بہت سی تبدیلیاں متوقع بھی ہیں۔ ہم اپنی تعلیمی پیش کش پھیلانا جاری رکھیں گے اور ارکان کو مزید خدمات مہیا کریں گے، جبکہ اس کے ساتھ ہر فرد کے اندر موجود قائد کی تربیت کرنے کے اپنے ہدف سے بھی وفا کریں گے۔ اس دلچسپ سفر میں ہمارا ساتھ دیں۔ آئیےہم سب ایک ساتھ مل کر تاریخ رقم کریں۔

 

اِلیگزینڈر ہَرِیسٹوو

بانی، Agora Speakers International

 

 

جلد پوش

 

"Agora آپ کو ایک ایسا ماہر ابلاغ اور بااعتماد قائد بننے میں مدد دیتا ہے، جو فعال طور پر ایک بہتر دنیا کی تعمیر کر سکے"۔

 

اس بلند نظرمشن بیان کے ساتھ، Agora Speakers International فاؤنڈیشن نے 21 اگست، 2016 کو جنم لیا۔ ہمارا بنیادی عقیدہ یہ ہے کہ ہر شخص میں ایک حقیقی رہنما اور بھلائی کی قوت بننے کا بیج موجود ہوتا ہے، جس کی افزائش اور پھلنے پھولنے کے لئے محض مناسب ماحول اور اوزاروں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہم اپنے ارکان کو ان کے ذاتی اور پیشہ ورانہ خوابوں کی تکمیل کے لئے اپنے بنیادی اصولوں - غیر جانبداری، عدم تفریق، غیر منفعتی پن، رواداری اور دانشورانہ ایمانداری - کی روشنی میں ضروری تربیت فراہم کرتے ہیں، اور اس دوران ان کی کمیونیٹیز میں دیرپا تبدیلی لاتے ہیں۔

 

سینکڑوں پرجوش رضاکاروں کی جدوجہد سے، Agora چند ہی سالوں کی قلیل مدت میں 70 سے زیادہ ممالک اور ہزاروں ارکان تک پھیل چکا ہے۔ ایک حقیقی خیراتی ادارہ ہونے کے ناطے، Agora کامیابی کے لیے لازم تمام ربط باہمی کی مہارتوں soft skills کا تعلیمی پروگرام مکمل طور پر مفت پیش کرتا ہے۔ ہمارے کلبوں کے وسیع عالمگیر نیٹ ورک میں ہمارے ارکان اجلاس منعقد کرتے، مشق کرتے اور دوستانہ و معاون ماحول میں مل کر سیکھتے ہیں۔ اپنے (سیکھنے کے) سفر کے دوران ہمارے ارکان حقیقی دنیا کے ایسے منصوبوں میں حصہ لیتے، اور ان کی قیادت کرتے ہیں جو ان کی کمیونٹیز پر دیرپا اثر ڈالتے ہیں۔

 

"دی Agora گائیڈ" کے اس تیسرے ایڈیشن میں Agora Speakers International فاؤنڈیشن کے بارے میں سب کچھ موجود ہے: ہم کون ہیں، ہم کیا کرتے ہیں، آپ ہمارے کلبوں میں کیسے حصہ لے سکتے ہیں، حتّٰی کہ ایک نیا کلب تخلیق کرنے اور چلانے کا طریقہ بھی۔

 


Contributors to this page: agora and prof.saqib .
Page last modified on Saturday July 10, 2021 09:43:20 CEST by agora.